بلوچستان اور فاٹا کے طالب علموں کے لئے ماسٹرز اور ایم فل سکالر شپس کے دوسرے مرحلے کا اعلان
اسلام آباد (نا مہ نگار) ہایئر ایجوکیشن کمیشن نے بلوچستان اور فاٹا کے طالب علموں کے لئے اندرون ملک ماسٹرز اور ایم فل سکالرشپس کے دوسرے مرحلے کا اعلان کیا ہے۔ اس سکالرشپ کے لئے فاٹا اور بلوچستان کے ڈومیسائل کے حامل طالب علم درخواستیں دے سکیں گے۔ ماسٹر سکالرشپ کے لئے 14 سالہ تعلیم اور 50 فیصد نمبرز حاصل کرنے ضروری ہوں گے جبکہ ایم فل کے لئے 16 سالہ تعلیم اور 60 فیصد نمبرز کا حصول ضروری ہے۔ امیدوار کی عمر 35 سال سے کم ہونی چاہیے۔ اس سکالرشپ کے تحت ہاسٹل فیس سمیت دیگر اخراجات کی مد میں اور ٹیوشن فیس کے لئے 60 ہزار روپے فی سمسٹر، چھ ہزار روپے بک الائونس، پانچ ہزار روپے ٹریولنگ الائونس سالانہ، 8 ہزار روپے ماہانہ لیونگ الائونس دیا جائے گا جبکہ طالب علم کو ایک بار سٹیلمنٹ الائونس کی مد میں دس ہزار روپے دیئے جائیں گے۔ اس سکالرشپ کے لئے درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 18 فروری مقرر کی گئی ہے۔