امریکہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں مصر کے شانہ بشانہ کھڑا ہے:مائیک پینس
قاہرہ(آن لائن)امریکی نائب صدر مائیک پنس نے قاہرہ میں اور مصری صدر عبدالفتاح السیسی سے ملاقات کی ہے اور اس دوران گفتگو میں مشرقِ وسطیٰ میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مشترکہ محاذ کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا اس جنگ میں مصر کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔امریکی نائب صدر گزشتہ روز تین ملکوں کے چار روزہ دورے کے پہلے مرحلے میں قاہرہ پہنچے تھے اور گذشتہ ایک عشرے میں کسی اعلیٰ امریکی عہدہ دار کا مصر کا یہ پہلا دورہ ہے۔مائیک پینس اور عبدالفتاح السیسی کے درمیان طویل ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ اقتصادی اور سیاسی تعلقات ، مشرقِ وسطیٰ کی صورت حال ، اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان امن عمل اور داعش سمیت دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تعاون کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا صدر السیسی نے گفتگو کرتے دہشت گردی کے سرطان کے خاتمے کی ضرورت پر زوردیا جس نے ان کے بہ قول پوری دنیا ہی کو خوف زدہ کررکھا ہے۔مائیک پینس نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے اقتدار کے ایک سال کے دوران مصر کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے کی کوشش کی ہے۔ ہم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں آپ اور مصر کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور مصریوں کے خلاف دہشت گردی کے حالیہ حملوں میں انسانی جانوں کے ضیاع پر ہمارے دل دکھی اور افسردہ ہیں۔