باہمت بچی نے بڑے بھائی کو پیٹھ پر سوار کرکے روزانہ سکول لاکر چینی عوام کے دل جیت لئے
بیجنگ (صباح نیوز) چین کے ایک دور افتادہ علاقے میں ایسی باہمت بچی بھی ہے جو اپنی عمر سے بڑے بھائی کو اپنی پیٹھ پر سوار کرکے روزانہ سکول لاتی اور لے جاتی ہے اور اس نے چینی عوام کے دل جیت لئے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس کا بھائی سکول کا سب سے باقاعدگی سے آنے والا طالب علم بھی ہے۔ چاہے کڑی دھوپ ہو، تیز ہوا ہو سردی و اوس پڑے یا بارش برسے لیکن 9 سال کی ڈنگشوانگ اپنے بھائی ڈِنگ فو کو صبح جگاتی ہے اسے تیار کرتی ہے اور اپنی پیٹھ پر سوار کرکے سکول پہنچاتی اور چھٹی پر دوبارہ گھر لاتی ہے۔ وہ کہتی ہے کہ میں اپنے بھائی کو کبھی تنہا نہیں چھوڑوں گی اور ہمیشہ اس کی چھڑی بن کر رہوں گی تاکہ وہ چل پھر سکے اور کسی دوسرے کا محتاج نہ بنے۔ افسوس ناک امر یہ ہے کہ اس کے والدین بھی پیچیدہ قسم کی معذوری کے شکار ہیں اور وہ ان کی دیکھ بھال نہیں کرسکتے۔ اس لیے گھر کی دیکھ بھال اور کفالت کی پوری ذمے داری اس چھوٹی بچی کے کاندھوں پر آپڑی ہے۔