' فرقہ واریت نے امت کو تقسیم کر رکھا ہے ‘مفتی یوسف قصوری
کراچی (نیوز رپورٹر) مرکزی جمعیت اہل حدیث سندھ کے امیر مفتی یوسف قصوری نے کہا ہے کہ اہل حدیث کی دعوت فرقہ واریت سے پاک اور اللہ اور اس کے رسول ﷺ کی اطاعت کی دعوت ہے ‘ قرآن و سنت پر عمل کرنا دین اور ان سے ہٹنا گمراہی ہے ‘ امت کا اتحاد و استحکام قرآن و حدیث کی طرف رجوع کرنے میں ہے انہوں نے کہاکہ فرقہ وارانہ اسلام نے اُمت کو تقسیم کر رکھا ہے ‘ نفرت اور تعصبات کی سوداگری کرنے والے ملک و قوم کو تباہی کی طرف لے جا رہے ہیں وہ گزشتہ روز جامع مسجد زہرہ امین جونیجو ٹاﺅن میں مرکزی جمعیت اہل حدیث کراچی کے تحت ”دعوت اہلحدیث کانفرنسز“ کے پانچویں پروگرام سے خطاب کر رہے تھے۔ کانفرنس سے سید عامر نجیب اور مفتی رفیق سلفی نے بھی خطاب کیا ۔ مفتی یوسف قصوری نے کہاکہ دین اسلام اللہ کے نبیﷺ کی زندگی میں مکمل ہوگیا تھا جو قیامت تک تمام زمانوں کےلئے ہدایت کا سرچشمہ ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھامنے کا مطلب یہی ہے کہ تمام مسلمان اپنے اختلافات کو چھوڑ کر وحی الٰہی یعنی قرآن و حدیث کی پیروی میں لگ جائیں۔ انہوں نے کہاکہ اللہ کا دین آسان ہے لیکن اس کی فرقہ وارانہ تعبیرو ںنے پیچیدگی پیدا کردی ہے انہوں نے کہاکہ قرآن و حدیث پر عمل کرنے سے اختلاف ختم ہوتا ہے ۔ اگر امت میں اختلاف و انتشار کا دور دورہ ہے تو اس کا واضح مطلب یہی ہے کہ امت کے گروہ قرآن و سنت کو اپنا رہنما بنانے کےلئے تیار نہیں۔ مفتی یوسف قصوری نے کہاکہ فرقوں کی محبت کے بجائے اللہ کے قرآن اور اس کے نبیﷺ کے فرمان سے محبت کی جائے۔