چیلنجز سے نمٹنے کیلئے جذبہ تحریک پاکستان کی ضرورت ہے: صدر ممنون
کراچی(اسٹاف رپورٹر)صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ وطن عزیز کو درپیش داخلی اور خارجی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے تحریک پاکستان کے جذبے سے کام لینے کی ضرورت ہے، اس لیے قوم ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کا سنہری اصول مضبوطی سے تھام لے۔ صدر مملکت نے یہ بات مزار قائد کے دورے کے موقع پر قائد اعظم مزار مینجمنٹ بورڈ کے اجلاس کی صدارت کے موقع پر اپنے افتتاحی کلمات میں کہی۔ اس موقع پر وزیر اعظم کے مشیربرائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن عرفان صدیقی، میئر کراچی وسیم اختر اور بورڈ کے دیگر ارکان بھی موجود تھے۔ اجلاس سے قبل صدر مملکت نے مزار قائد پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی بھی کی۔صدر مملکت نے کہا کہ قائد اعظم شاندار شخصیت کے مالک تھے جنہوں نے اپنے عزم مصمم اورآہنی ارادے سے کام لے کر قیام پاکستان کی صورت میں تاریخ کا عظیم النظیر کارنامہ انجام دیا۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم کے نوادرات دیکھ کر ان کی شخصیت کو زیادہ آسانی سے سمجھا جاسکتا ہے۔ انھیں خوشی ہے کہ وزیر اعظم کے مشیر عرفان صدیقی کی قیادت میں قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن مزار قائد اور نواردات قائد کی بہترین نگرانی کررہا ہے جس پر وہ لائق تحسین ہیں۔انھوں نے کہا کہ حکومت قائد اعظم کے افکار کے فروغ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔اس سلسلے میں اخراجات کو خاطر میں نہیں لایا جائے گا۔صدر مملکت نے مزار قائد پر مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات میں کہا کہ بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح نے اپنی ولولہ انگیز قیادت سے قوم کو اس کے وجود کا احساس دلایا اور اس میں اتحاد پیدا کرکے اس سے تاریخ کا ناقابل یقین کام لیا۔ وزیر اعظم کے مشیر عرفان صدیقی نے اس موقع پر صدر مملکت کو مزار قائد اعظم میں جاری ترقیاتی منصوبوں سے آگاہ کیا اور بتایا کہ سیاحوں کو بابائے قوم کے افکار سے آگاہ کرنے کے لیے ان کی شخصیت سے وابستہ سووینئر مزار قائد پر رکھے جائیں گے اور قائد اعظم اکیڈمی کو مزار قائد کے احاطے میں منتقل کیا جائے گا۔ انھوں نے مزید بتایا کہ مزار قائد سے ملحق پاکستان پارک بنایا جاے گا جس میں وطن عزیز کے تمام علاقوں کے نمایاں مقامات کے مونومنٹ نصب کئے جائیں گے تاکہ مزار قائد اعظم پر آنے والے زائرین اور سیاح ایک ہی نظر میں پاکستان کے تمام اہم مقامات کو دیکھ سکیں۔
صدر ممنون