اسحق ڈار آج‘ نوازشریف‘ مریم نواز کیخلاف نیب ریفرنسز کی سماعت کل ہوگی
اسلام آباد(نا مہ نگار)اسلام آباد کی احتساب عدالت سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف آج اور سابق وزیر اعظم نواز شریف، مریم نوازاورکیپٹن (ر)صفدرکے خلاف کل قومی احتساب بیورو(نیب) کی جانب سے دائر ریفرنسز کی سماعت کرے گی،اسحاق ڈار کے خلاف آج آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس میں مزید چار گواہوں کے بیانات ریکارڈ کئے جائیں گے ۔احتساب عدالت نمبر1 کے جج محمد بشیر ریفرنسز کی سماعت کریں گے۔گزشتہ سماعت پر عدالت نے نیب کو سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے اعتراضات پر جواب داخل کرانے کا آخری موقع دیتے ہوئے استغاثہ کے چار گواہوں کو آئندہ سماعت پرطلب کرلیاتھا ۔ سماعت کے دوران اسپیشل پروسیکیوٹر نیب عمران شفیق نے عدالت کو بتایاتھا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے اسحق ڈار کی درخواست خارج کردی ہے اور ریفرنس پر حکم امتناع ختم کردیا ہے جبکہ ابھی تفصیلی فیصلہ موصول نہیں ہوا، جس کے لیے درخواست دائر کی ہے، جیسے ہی تفصیلی فیصلہ جاری ہوگا وہ احتساب عدالت میں جمع کرا دیا جائے گا۔ نیب پراسیکیوٹر نے کہا تھاکہ اسحاق ڈارکے خلاف استغاثہ کے28میں سے 10گواہوں کے بیانات ریکارڈ ہوچکے ہیں۔جبکہ عدالت نے ہجویری ٹرسٹ کے اکائونٹس منجمد کرنے سے متعلق بھی نیب کو حکم دیاتھا کہ وہ 24جنوری تک اپنا جواب عدالت میں جمع کرائے، ہجویری ٹرسٹ کے بینک اکانٹس غیرمنجمد کرنے کی درخواست کی سماعت 24جنوری کو ہوگی ۔دوسری جانب سابق وزیر اعظم نواز شریف، مریم نواز،کیپٹن (ر)صفدر اور سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت کل منگل(23جنوری) کو ہو گی۔عدالت نے نیب ریفرنسز میں استغاثہ کے مزید تین گواہان کو طلب کررکھاہے،گزشتہ سماعت پر عدالت نے استغاثہ کے تین گواہوں عمردراز، ناصر جنجوعہ،اور آفاق احمد کے بیانات ریکارڈ کرانے کے لیے طلب کیا تھا تاہم عمر دراز اور ناصرجنجوعہ ہی کے بیانات ریکارڈ ہوسکے تھے۔
احتساب عدالت