سندھ میں اسپتالوں کی کارکردگی مثالی ہے‘ وزیر صحت کا دعویٰ
لاڑکانہ(بیورو رپورٹ) صوبائی وزیر صحت سکندر مندھرو نے کہا ہے کہ سندھ میں صحت کے شعبے میں کوئی بحران نہیں۔صحت کے اداروں میں بحران کے تاثر سے مایوسی پھیلتی ہے اس لئے بحرانوں کی باتوں سے گریز کیا جائے، صوبے بھر کے اسپتالوں کے بہتر کام کرنے کے باعث ہی وہاں مریضوں کا رش لگا رہتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاڑکانہ میں شہید بینظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی میں سالانہ نویں سمپوزیم کا افتتاح کرنے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں صحت کے شعبے میں ہم نے مثالی کام کیا ہے، یہاں ایسی مفت طبی سہولیات بھی ہیں جو دنیا بھر میں نہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں مانتا ہوں کہ صحت کے اداروں کی حالت آئیڈیل نہیںمگر ہم صحت کے اداروں کو بہتر سے بہتر کر رہے ہیں۔ صحت کے اداروں اور اسپتالوں کے مسائل سنجیدگی سے حل کئے جارہے ہیں۔ ان کا مذید کہنا تھا کہ صوبے کے اسپتالوں کو 19 ارب کی ادویات فراہم کی جارہی ہیں جبکہ مستقبل میں صحت کے شعبے کا بجٹ مزید بڑھایا جائے گا۔دوسری جانب صوبائی وزیر صحت نے سمپوزیم میں لگائے گئے طبی اسٹالز کا دورا کیا اور مختلف تربیتی سیشنز میں شرکت کی۔ سمپوزیم میں ملکی و غیر ملکی طبی ماہرین نے شرکت کی۔