سیاستدان عوامی مسائل سے لاتعلق ہوچکے ہیں‘ الطاف شکور
کراچی (نیوز رپورٹر) پاسبان پاکستان کے صدر الطاف شکور نے کہا ہے کہ سیاستدان اور ارکان پارلیمنٹ عوام کے مسائل سے مکمل طور پر لاتعلق ہوچکے ہیں ۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا پارلیمنٹ کو تالا لگا دیا جائے؟ ۔ یہ وڈیروں اور جاگیرداروں کا پاکستان تو ہوسکتا ہے قائد
اعظم ؒ کا پاکستان نہیں ۔ نقیب اللہ محسود ،شاہ محمد ،زینب امین ،ثانیہ خاصخیلی ،شمائلہ عباسی ، مقصود کے قتل کے واقعات نے عام آدمی کا اداروں پر اعتماد بری طرح مجروح کردیا ہے ۔ قوم کی بیٹیوں اور بیٹوں کے قاتلوں کو عبرتناک سزائیں دی جائے ۔ پاسبان وڈیرہ شاہی کے خاتمے کے لئے میدان عمل میں آگئی ہے ۔اب چلے ہوئے کارتوس نہیں چلیں گے ۔ وہ سہراب گوٹھ ،گلشن اقبال اور اورنگی ٹائون میں دفاع پاکستان ریلی سے خطاب کررہے تھے ۔ ریلی شہر کے مختلف علاقوں سے گزرتی ہوئی اورنگی ٹائون میں اختتام پذیر ہوئی ۔ عوام کے جم غفیر نے جگہ جگہ ریلی کا شاندار استقبال کیا ۔ریلی کے شرکاء نے نقیب اللہ محسود،مقصود اور شاہ محمد کے قاتلوں کی گرفتاری کے لئے شدید احتجاج کیااور زبردست نعرے بازی کی گئی۔ اس موقع پر پاسبان پاکستان کے جوائنٹ سیکریٹری طارق چاندی والا، پاسبان کراچی کے صدر عبدالحاکم قائد ،سینئر نائب صدر ظفر اقبال ، جنرل سیکریٹری سردار ذوالفقار ،ضلع سینٹرل کے صدر سیف اسلام بخاری ، ایسٹ کے صدر احسن بصیر ،ضلع ویسٹ کے صدر زمان خان انقلابی و دیگر نے بھی خطاب کیا ۔