بنگالی اور بہاری برادری کے حقوق کے لئے سفارشات منظور کی جائیں‘ زاہد اعوان
کراچی(اسٹاف رپورٹر)پا ک مسلم الا ئنس سندھ کے صدر حا جی زاہد اعوان نے کہا ہے کہ ہماری دی ہوئی سفارشات کے تحت یعنی 1998کی مردم شماری میں جن لوگوں کے نام آئے ہیں جس کی وجہ سے 2002کی ووٹر لسٹ تیار ہوئی تھی اس لسٹ میں جن کے نام آئے ہیںان کے شناختی کارڈ اور ب فارم بنانے ہونگے۔ورنہ ہم کسی بھی ایسے فیصلے کو نہیں مانیں گے جس میں کسی قسم کی شرائط لگائی گئی ہو۔ حاجی زاہد اعوان نے ان خیالات کا اظہار سندھ سیکرٹریٹ میں پاک مسلم الائنس کے مرکزی قائدین کے ایک اجلاس میں کہا۔ انہو ں نے کہا کہ محترم گورنر سندھ نے ہماری گذارشات کو بڑی ہمدردی سے سنا اور اپنی رپورٹ وزیراعظم پاکستان کو دی۔اور بذریعہ اپنے خط حوالہ نمبرGovenrer 2017بتاریخ 15جون 2017کو سینیٹ کے چیئرمین اور ڈپٹی اسپیکر سینیٹ مرتضیٰ جاوید عباسی کو جمع کروادی ۔ گورنر سندھ نے اس سلسلے میں مسلسل خصوصی جدوجہد کی جس کے نتیجے میں سینیٹ کمیٹی نے بنگالی اور بہاری برادری کو حقوق دینے کے لئے سفارشات مکمل کرکے قومی اسمبلی کی اسٹینڈنگ کمیٹی کو روانہ کردی جہاں تاحال بل منظور نہیں کیا گیا۔ جس کی وجہ سے کراچی میں 32لاکھ بنگالیوں اور 45لاکھ بہاریوں میں زبردست اشتعال پھیلا ہوا ہے جس سے عوام ذہنی اذیت اور کرب کا شکار ہیں۔