آئی ایم ایف کے انکار سے پاکستانی معیشت کیلئے خطرات بڑھ گئے‘ ڈیفالٹ کا خدشہ
کراچی (این این آئی) آئی ایم ایف کی جانب سے قرض کی ری شیڈولنگ اور نئے قرض سے انکار کے باعث پاکستان کی معیشت پر خطرات بڑھ گئے۔ حکومت کے نئے اقدامات نہ لینے کی صورت میں ڈیفالٹ کا خدشہ بھی پیدا ہوسکتا ہے۔ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر سال 2012 میں ساڑھے تین ارب ڈالر گر کر پونے چودہ ارب ڈالر پر آچکے ہیں۔ موجودہ ذخائر ملک کی درآمدات کی صرف چار ماہ کی ضرورت پوری کرسکتے ہیں۔ زرمبادلہ ذخائر گرنے سے ایک سال میں روپے کی قدر میں بھی نو روپے سے زائد کی کمی ہوچکی ہے۔ پاکستان نے رواں سال چار ارب ڈالر کے قریب بیرونی ادائیگیاں کرنی ہیں جس کیلئے ہاتھ پاﺅں مارے جا رہے ہیں۔ ماہرین کے مطابق شارٹ ٹرم کیلئے پاکستان کو نئے عالمی بانڈز جاری کرنے اور دوست ممالک سے آسان شرائط پر قرض حاصل کرنے کیلئے کوشش کرنی چاہیے جبکہ طویل المدتی اقدامات کے تحت ٹیکس ٹو جی ڈی پی کو نو فیصد کی سطح سے بڑھا کر گیارہ فیصد کی سطح پر لانا ہوگا۔