گھروں میں برقی قمقموں سبز جھنڈیوں کی بہار‘ خواتین نے عید میلاد النبیﷺ جوش و خروش سے منانے کی تیاریاں مکمل کر لیں
لاہور (رپورٹ: رفیعہ ناہید اکرام / لیڈی رپورٹر) ملک بھر کی خواتین ارکان اسمبلی اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ خواتین کی طرف سے جشن عید میلادالنبی شایان شان طریقے سے منانے کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں،12 ربیع الاول کے روز گھروں اور اداروںکی عمارتوںکو سجاوٹی اشیائ، کلمہ طیبہ اور احادیث نبوی کے بینرز، سبز جھنڈوں، شمعوں اور برقی قمقموں سے آراستہ کرنے کے اہتمام کے علاوہ خصوصی محافل کے انعقاد کی تیاریاں بھی زوروشور سے جاری ہیں، جس کیلئے عزیزواقارب کوخوشنما دعوت نامے بھجوائے جا رہے ہیں جبکہ خواتین کی طرف سے گھروں میں اس مبارک دن پر عزیزواقارب اورغرباءمیں تقسیم کرنے کیلئے بریانی، پلاﺅ، سویاں، نان حلوہ اور مٹھائیوں سمیت دیگر پکوان تیار کرنے کی تیاریاں بھی جاری ہیں۔ دوسری جانب بچیاں کلمہ طیبہ اور نعلین مبارک کی شبیہ سے سجے بینڈز، کڑے اور لاکٹ خرید کر آقائے دوجہاں سے خصوصی اظہار محبت کر رہی ہیں۔ سرورکائنات کا جشن ولادت منانے کے سلسلے میں آج کل گھر گھر سے درودوسلام کی صدائیں بلند ہو رہی ہیں جہاں نعت خواں خواتین بارگاہ رسالت میں عقیدت کے پھول نچھاور کر رہی ہیں۔ علاوہ ازیں ملک بھر میں قائم خواتین کے تعلیمی اداروں میں بھی جشن آمد مصطفیٰ کے حوالے سے تقریبات، محافل میلاد اور سیمینارزکا انعقاد جاری ہے۔ واضح رہے کہ خواتین نے یکم ربیع الاول سے ہی میلاد مصطفیٰ، نعت خوانی اور درودوسلام کی خصوصی محافل کے انعقادکا سلسلہ شروع کر رکھا ہے جو اس ماہ روشن کے اختتام تک جاری رہے گا۔ اس حوالے سے گزشتہ روز ”نوائے وقت“ سے گفتگو میںجماعت اسلامی کی صدر و سابق رکن قومی اسمبلی سمیعہ راحیل قاضی نے کہا کہ ہمارا ایمان عشق رسول کے بغیر مکمل نہیں ہوسکتا، تاہم صرف آمد مصطفی کا جشن منانا کافی نہیں بلکہ یہ وقت کا تقاضا ہے کہ دنیا کے سوا ارب مسلمان متحد ہوکر اسلام دشمن قوتوں پر واضح کر دیںکہ آپ کی ہستی مسلمانوں کیلئے آخری مرکز محبت اور آخری پناہ گاہ ہے، اس پر مختلف حیلوں بہانوںسے حملہ آور ہوکر وہ ہماری حمیت و غیرت کا امتحان نہ لیں۔ نعت خواں رکن پنجاب اسمبلی غزالہ سعد رفیق نے کہا کہ آج کی ماں اپنے اصل کردار کو پہچانے اور آئندہ نسلوں میں عشق رسول پیدا کرنے کیلئے خواتین صحابیاتؓ کے کرداروں سے روشنی حاصل کرے۔ جامعہ نعیمیہ گرلز سیکشن کی سربراہ نبیرہ نعیمی نے کہا کہ نبی کریم تمام جہانوں کیلئے رحمت بن کر آئے ، مسلم خواتین تعلیمات نبوی کے مطابق زندگی بسر کریں اور مائیں بچوں کے دلوں میں نبی کریم کی محبت بیدار کریں، ان کی تربیت اسوہ رسول کے مطابق کریں ۔ پرائڈ آف پرفارمنس حافظہ قاریہ روبینہ ہاشمی نے کہا کہ نبی کریم کے حوالے سے ہمیشہ مسلمانوں کے جذبات کو سخت ٹھیس پہنچائی گئی، غیرمسلم اس حرکت سے باز آجائیں۔ ایڈووکیٹ رئیسہ ثروت نے کہا کہ آپ کی ولادت کا جشن مسلمانوں کیلئے تہوار کا درجہ رکھتا ہے، آپ کامل انسان تھے، خواتین سیرت النبی کا مطالعہ ضرور کریں۔