ملک بچانے کے لئے خواتین کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگی: فوزیہ قصوری
لاہور (لیڈی رپورٹر) تحریک انصاف شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فوزیہ قصوری نے کہا ہے کہ قائداعظم کی قیادت میں خواتین نے تحریک پاکستان میں بھرپور حصہ لیا تھا اور لاکھوں خواتین کی عزتیں اور جانیں قربان ہوئی تھی مگر یہ ملک دنیا کے نقشے پر ابھرا تھا اور آج ملک کو بچانے کے لئے خواتین بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گی۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز تحریک انصاف کے رہنما آصف بشیر کی رہائش گاہ پر استقبالیہ تقریب سے خطاب میں کیا۔ اس موقع پر شعبہ خواتین پنجاب کی صدر سلونی بخاری، مسز آصف بشیر، رخسانہ نوید، عالیہ حمزہ، طلعت ندیم، نادرہ عمر، بیگم و جاوید خان، نرگس، نذاہت جاوید، سنبل عابد، نسیمہ جاوید نگہت محمود، تسنیم سعادت سمیت کثری تعداد میں خواتین موجود تھیں۔ فوزیہ قصوری نے مزید کہا کہ اب وہ دن دور نہیں ہے کہ خواتین صرف اپنے گھروں تک محدود رہیں بلکہ اب ہمیں جدید دنیا کے ساتھ آگے بڑھنا ہے اور اس کے مطابق تقاضے پورے کرنا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف میں لاکھوں خواتین کا ممبرز بننا اس بات کا ثبوت ہے کہ ملک میں آنے والی تبدیلی میں مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین بھی اہم کردار ادا کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے پاس خواتین کے حقوق کے لئے جامع پالیسی موجود ہے۔