پنجاب کے عوام بے چینی کا شکار ہیں اور قائدین سندھ جا کر سیاست کر رہے ہیں: نرگس فیض
لاہور (لیڈی رپورٹ) پیپلز پارٹی کی رکن اسمبلی نرگس فیض ملک نے کہا ہے مسلم لیگ ن پہلے پنجاب تو سنبھالے پھر دوسرے صوبوں کی جماعتوں سے اتحاد کا اعلان کرے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پنجاب کی صورت حال انتہائی خراب ہے۔ یہاں کے عوام بے چینی کا شکار ہیں اور ن لیگ کے قائدین سندھ جا کر سیاست کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ مسلم لیگ ن پنجاب سے بھی تیزی سے ختم ہو رہی ہے۔ یہ سندھ میں کیسے مقبول ہو گی۔ لاہور پر حکمرانی نہ کر سکنے والی جماعت ملک پر حکمرانی کرنے کے خواب دیکھ رہی ہے۔ خوابوں کی دنیا میں رہنے والے نواز شریف سندھ کے عوام کی حالت پر افسوس کا اظہار کر رہے ہیں وہ پنجاب کے عوام کی حالت پر خاموش کیوں ہیں۔