عید میلاد النبی پر سکیورٹی خدشات‘ 5 شہر حساس قرار‘ لاہور میں ہائی الرٹ
لاہور (اپنے نمائندے سے) عید میلادالنبی کے موقع پر سکیورٹی خدشات کے حوالے سے اور وزارت داخلہ کی رپورٹس کی روشنی میں صوبائی دارالحکومت میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے اور شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر اضافی فورس ڈیوٹیاں دے گی۔ ڈی آئی جی آپریشن لاہور اور رائے محمد طاہر نے نوائے وقت سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ آئی جی پنجاب کے مراسلہ کے بعد شہر میں سکیورٹی کے انتظامات کا ازسرنو جائزہ لے کر حفاظتی انتظامات کو مزید بہتر بنایا گیا ہے۔ وزارت داخلہ نے پنجاب کے 5 شہروں کو حساس قرار دیتے ہوئے سکیورٹی بڑھانے کے اقدامات پر زور دیا ہے۔ جمعہ کے روز جشن عید میلادالنبی کے موقع پر لاہور میں 10 ہزار کی نفری مرکزی جلوس سمیت دیگر جلوسوں کی سکیورٹی پر مامور ہو گی۔ 35 ڈی ایس پیز اور 9 ایس پیز سمیت ایس ایس پی لاہور اور ڈی آئی جی آپریشن خود نگرانی کریں گے۔