بس کی ٹکر سے حساس ادارے کا ملازم اور پولیس اہلکار جاں بحق، 3 زخمی
لاہور (اپنے نمائندے سے) سندر کے علاقہ میں تیز رفتار بس کی ٹکر سے حساس ادارے کا ملازم اور پولیس اہلکار ہلاک جبکہ 3 افراد زخمی ہو گئے، ٹریفک حادثے کے بعد بس کا ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔ ٹریفک حادثے کے باعث ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا اور گاڑیوں کی لمبی لائنیں لگ گئیں، پولیس نے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کرنے کے بعد بس قبضے میں لینے کے بعد کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔ بس LHO:6470 نے سندر کے علاقے موہلنوال چوک کے قریب کار، موٹر سائیکل اور مزدے کو کچل ڈالا جس سے کار میں سوار حساس ادارے کا ملازم امجد علی اور سپیشل برانچ کا اے ایس آئی انتظار حسین موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے جبکہ انتظار حسین کا بھانجا عبدالواجد سمیت اعظم اور اعجاز احمد شدید زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق امجد علی حساس ادارے کا ملازم تھا اور پتوکی میں آڈٹ آفیسر تھا جبکہ اے ایس آئی انتظار حسین سپیشل برانچ میں تعینات تھا، ٹریفک حادثے کے بعد ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ ٹریفک حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ پولیس کے مطابق زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا اور بس کو قبضے میں لینے کے بعد کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے ورثاء کی آمد کے بعد قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔