آزاد کشمیر متنازع علاقہ ہے، کشمیریوں کے مستقبل کا فیصلہ ہونا ہے: منظور وٹو
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ نیٹ نیوز) وفاقی وزیر امور کشمیر میاں منظور وٹو نے ایوان کو بتایا کہ آزاد کشمیر متنازعہ علاقہ ہے۔ کشمیریوں کے مستقبل کا فیصلہ ہونا باقی ہے۔ اس لئے پاکستانی شہری کشمیر میں جائیداد نہیں خرید سکتے۔ آزاد کشمیر کونسل ٹیکس جمع کرتی ہے جس کا 80 فیصد حصہ حکومت آزاد کشمیر کو دیا جاتا ہے۔ نیٹ نیوز کے مطابق منظور وٹو نے آزاد کشمیر کو متنازع علاقہ قرار دے دیا۔ انہوں نے قومی اسمبلی میں بیان دیا کہ آزاد کشمیر کا خطہ ایک متنازع علاقہ ہونے کی وجہ سے پاکستان شہری آزاد کشمیر میں جائیداد نہیں خرید سکتے۔ اے پی پی کے مطابق انہوں نے کہا قانون کی رو سے آزاد جموں و کشمیر میں ریاست کے شہری کے علاوہ کسی کو اراضی منتقل نہیں کی جا سکتی تاہم پاکستان شہریت ایکٹ 1951ءکے تحت آزاد کشمیر کے شہری پاکستان میں جائیداد خریدنے کے حق دار ہیں۔