جمہوریت ڈی ریل کرنے کی کوشش ناکام بنا چکے‘ الیکشن کی تاریخ کا اعلان آئین کے مطابق ہو گا: زرداری
کراچی (سٹاف ر پورٹر/ ایجنسیاں) صدر آصف علی زرداری نے بلوچستان میں پیپلز پارٹی کی تنظیم سازی کے لئے کمیٹی قائم کردی جو 15 روز میں صدر کو رپورٹ پیش کرے گی۔ کمیٹی کے سربراہ وفاقی وزیر خورشید شاہ ہوںگے۔ دریں اثناءصدر آصف علی زرداری نے بلاول ہاﺅس میں پیپلز پارٹی کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی اور رہنماﺅں کے اجلاس کی صدارت کی۔ جس میں پیپلز پارٹی کی انتخابی حکمت عملی کی منظوری دی گئی۔ صدر زرداری نے اس موقع پر کہا پیپلز پارٹی کو پٹڑی سے اترنے نہیں دیں گے جبکہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا پیپلز پارٹی میں شامل ہونے والے ا پنی مرضی سے شامل ہورہے ہیں‘ پیپلز پارٹی کوئی ہارس ٹریڈنگ نہیں کررہی ہے۔ این این آئی کے مطابق بلوچستان میں پارٹی کے تنظیمی امور اور آئندہ انتخابات کی حکمت عملی طے کرنے کیلئے 3رکنی کمیٹی میں سینیٹر صابر بلوچ اور صادق عمرانی شامل ہونگے۔ مزید برآں ارکان اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے صدر زرداری نے کہا عوام کے تعاون سے جمہوریت کو ڈی ریل کرنے کی تمام کوششوں کو ناکام بنا دیا ہے۔ موجودہ جمہوری حکومت اپنی مدت پوری کرے گی اور انتخابات کی تاریخ کا اعلان آئین کے مطابق کیا جائے گا۔ نگراں حکومتیں آئین کے مطابق تمام اتحادی، اپوزیشن اور سیاسی قوتوں کی مشاورت سے تشکیل دی جائیں گی۔ عام انتخابات قریب ہیں، پیپپلزپارٹی سمیت تمام سیاسی قوتیں انتخابات کی تیاری کریں۔ اے پی اے کے مطابق صدر زرداری نے کہا پیپلزپارٹی وفاق کی علامت بن چکی، جمہوریت کی مضبوطی بینظیر بھٹو کی مفاہمتی پالیسی کی وجہ سے ممکن ہوئی۔