”آٹا مہنگا: پنجاب حکومت قرض اتارنے کیلئے غریبوں کی جیبوں پر ڈاکے ڈال رہی ہے“
لاہور (خصوصی رپورٹر) ق لیگ پنجا ب کے اراکان اسمبلی عامر سلطان چیمہ ، کرنل (ر)محمد عباس اور انجینئر شہزاد الہٰی نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ پنجاب حکومت محکمہ خوراک کا 70 ارب کا قرضہ اور سالانہ 11 ارب روپے کے سود سے جان چھڑوانے کے لیے غریب کی گردن شکنجے میں جکڑ رہی ہے ، آٹے کی قیمتوں میں اضافہ کی وجہ پنجاب حکومت کی بدنیتی ہے۔ گزشتہ روز اپوزیشن چیمبر میں اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے اراکین اسمبلی نے کہا کہ پنجاب کے موجودہ چیف ایگزیکٹو کا سوجھ بوجھ ، معاملہ فہمی اور غور وفکر سے دور کا بھی تعلق نہیں ، صوبائی حکومت نے پہلے پنجاب کو 414 ارب کا مقروض کیا پھر غلط فیصلوں سے محکمہ خوراک کو 70 ارب کا مقروض کیا اور اب سارابوجھ آٹے کے غریب صارفین پر ڈالا جا رہا ہے جو غریب دشمنی اور بیڈ گورننس کی انتہا ہے۔