حلال مصنوعات کیلئے بااختیار لیبارٹریاں قائم کی جائیں: جسٹس (ر) خلیل الرحمن
لاہور (کامرس رپورٹر) پنجاب حلال ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین جسٹس (ر) خلیل الرحمن نے حلال مصنوعات کے لئے بااختیار لیبارٹریاں قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے تاکہ پنجاب سے بالخصوص گوشت کی برآمد میں اضافہ ہو سکے۔ انہوں نے یہ بات لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں حلال میٹ کی سٹینڈنگ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ سٹینڈنگ کمیٹی کے کنویر نصیب احمد سیفی نے بھی اجلاس سے خطاب کیا۔ جسٹس (ر) خلیل الرحمن نے کہا کہ حکومت پنجاب گوشت کی پیداوار بڑھانے کی خواہش مند ہے، پنجاب حلال ڈویلپمنٹ اتھارٹی حلال گوشت اور دیگر مصنوعات کی پیداوار بڑھانے، پیکنگ، ایکسپورٹ اور حلال معیارات کے متعلق سعودی عرب، ملائیشیا اور تھائی لینڈ کے اشتراک سے تربیتی پروگرامز کروا رہی ہے۔ انہوں نے حکومت اور نجی شعبے کے اشتراک سے ریسرچ انسٹی ٹیوٹ قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ حلال گوشت کی پیداوار کے سلسلے میں عالمی معیارات پر خاص توجہ دینا ہو گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پی آئی اے کو اپ گریڈ کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے کیونکہ اس کی موجودہ کارکردگی کی وجہ سے حلال گوشت کے برآمد کنندگان کو مشکل کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلائٹوں کے شیڈول میں بلاجواز تاخیر ختم کی جائے۔ ایئرپورٹ پر چیکنگ اور کلیئرنگ کے دوران حلال گوشت کی چوری کا معاملہ بھی اٹھایا۔