پاکستان کو پہلے ون ڈے میں نیوزی لینڈ کےہاتھوں شرمناک شکست، کیویز نے ایک سو پچیس رنز کا ہدف ایک وکٹ کے نقصان پر پورا کرلیا۔
ویلنگٹن کے ویسٹ پیک سٹیڈیم میں پاکستانی ٹیم کےکپتان شاہد آفریدی نے ٹاس جیت کربیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ کھیل کے آغاز سے ہی پاکستانی بیٹسمین سنبھل نہ پائے، اوپنر محمد حفیظ بغیر کوئی رن بنائے سات کے مجموعی سکور پرٹم ساؤتھی کا شکار بنے۔ اس کے بعد پاکستانی وکٹیں تھوڑے تھوڑے وقفے سے گرتی رہیں،پاکستان کی طرف سے مصباح الحق نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا، تاہم اُن کے ساتھ کوئی بھی بیٹسمین کریز پر نہ ٹھہرسکا۔ مصباح الحق نے اٹھاسی گیندوں پر ایک چھکےاورتین چوکوں کی مدد سے پچاس رنز بنائے،یہ ایک روزہ میچوں میں انکی دسویں نصف سینچری ہے۔ یونس خان چوبیس اورکپتان شاہد آفریدی نے پندرہ رنز بنائے۔قومی ٹیم کے تین کھلاڑی محمد حفیظ،عمراکمل اور عبدالرحمان بغیرکوئی رن بنائے آوٹ ہوئے۔پاکستان کی پوری ٹیم سینتیس اعشاریہ تین اوورز میں ایک سو چوبیس رنز بنا کرپویلین لوٹ گئی اور اس طرح نیوزی لینڈ کو میچ جیتنے کیلئےایک سو پچیس رنز کا آسان ہدف ملا۔ نیوزی لینڈ کی طرف سے کامیاب ترین باؤلر ٹم ساوٴتھی ثابت ہوئے جنہوں نے نو اعشاریہ تین اوورز میں تینتیس رنز کے عوض پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ کیویز نے یہ ہدف ایک وکٹ کے نقصان پر سترہ اعشاریہ دو اوورز میں بہ آسانی حاصل کرلیا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے پہلی وکٹ چوراسی رنز پر گری جب جیسی رائڈرز پچپن رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ کیویزبیٹسمین ٹیلر تئیس اور گُپٹل چالیس رنزپر ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان کی طرف سے واحد وکٹ تنویر احمد نے لی۔ فتح کے بعد چھ ون ڈے میچز کی سیریز میں نیوزی لینڈ کو ایک صفر سے برتری حاصل ہوگئی ہے۔