لاہور،کراچی(این این آئی) متحدہ عرب امارات، سعودی عرب اور تھائی لینڈ سمیت 6 مختلف ممالک سے 24 گھنٹوں کے دوران مزید 30 پاکستانیوں کو بے دخل کر دیا گیا جن میں 2 ماہی گیر بھی شامل ہیں۔امیگریشن ذرائع کے مطابق سعودی عرب سے 8، یو ای اے سے 17 پاکستانیوں کو گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈی پورٹ کیا گیا۔ماریشس میں بغیر دستاویزات کے پہنچے 2 ماہی گیروں کی لیگل ڈیپارٹمنٹ نے تصدیق نہیں کی جس پر انہیں بے دخل کر کے پاکستان بھیجا گیا، ماہی گیروں سمیت 5 افراد کو اے ایچ ٹی سی کے حوالے کیا گیا ہے۔عمان اور بحرین میں پاسپورٹ ختم ہونے پر 2 جبکہ تھائی لینڈ پہنچے ایک پاکستانی کو اپنے وزٹ کی وضاحت کرنے میں ناکامی پر بے دخل کر دیا گیا۔کراچی ایئر پورٹ پر امیگریشن حکام نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ترکیہ، رومانیہ سنگاپور، سعودی عرب سمیت 13 ملکوں کے 36 مسافروں کو مختلف وجوہات کی وجہ سے پروازوں سے آف لوڈ کر دیا۔امیگریشن ذرائع کے مطابق ایڈوانس ہوٹل بکنگ اور اخراجات کے لیے مناسب رقم نہ ہونے پر 13 عمرہ زائرین کو سعودی عرب جاتے ہوئے روکا گیا۔ایران، تھائی لینڈ، ترکیہ، سنگاپور، جارجیا، صومالی لینڈ، متحدہ عرب امارات اور فجی کے 11 مسافروں کو وزٹ ویزے پر جاتے ہوئے پروازوں سے اتارا گیا۔یونان کے رہائشی کارڈ کے حامل مسافر کو بھی آف لوڈ کیا گیا۔ سعودی عرب، جنوبی افریقا، تنزانیہ اور رومانیہ کے ورک ویزا کے 7 مسافروں کو بھی مختلف دستاویزات مکمل نہ ہونے پر آف لوڈ کیا گیا۔
سعودیہ سمیت 6 ممالک سے مزید 30 پاکستانی ڈی پورٹ 13 ملکوں کے 36 مسافر آف لوڈ
Feb 22, 2025