شہروں میں آبادی کے تناسب سے بلدیاتی ادارے تشکیل پائیں گے: عبدالعلیم خان
سینئر وزیرعبدالعلیم خان کی زیر صدارت وزیر اعلیٰ ہاؤس میں منعقدہ اعلیٰ سطحی جائز ہ اجلاس میں صوبہ پنجاب کے نئے بلدیاتی نظام پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ اجلاس میں وزیر قانون راجہ محمد بشارت سمیت صوبائی وزراء میاں محمود الرشید، ہاشم جواں بخت، سبطین خان، میاں خالد محمود، حسنین بہادر دریشک،سردار آصف نکئی،چوہدری اخلاق حسین اور چوہدری ظہیر الدین نے شرکت کی اور نئے بلدیاتی اداروں کے قیام کیلئے مختلف تجاویز پیش کیں جن میں بلدیاتی اداروں کی از سر نو تشکیل،مختلف شہروں میں میونسپل کمیٹیوں،ٹاؤن کمیٹیوں اور میٹرو پولیٹن کارپوریشن کا قیام شامل تھا۔
اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ صوبے کے مختلف شہروں میں آبادی کے تناسب سے بلدیاتی ادارے تشکیل پائیں گے تاکہ شہریوں کی مشکلات اور مسائل کا بہتر سے بہتر حل ممکن ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان پنجاب میں مضبوط لوکل گورنمنٹ سسٹم کے خواہاں ہیں کیونکہ بلدیاتی اداروں کی تشکیل موجودہ حکومت کے منشور کا اہم حصہ ہے جس کا کامیاب تجربہ صوبہ کے پی کے میں کیا جا چکا ہے۔سینئر وزیر نے مزید کہا کہ تحصیلوں اور دیہات کی سطح پر بھی نئے بلدیاتی نظام میں مناسب تبدیلیاں لائی جائیں گی جس کے لئے صوبائی وزراء کے مابین مشاورت عمل میں لائی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے نئے بلدیاتی سیٹ اپ کو زیادہ سے زیادہ موثر اور عوام کے لئے کار آمد بنانا اولین ترجیح ہے جس کے لئے بلدیاتی ایکٹ2019کے مختلف پہلوؤں پر غور و خوض کیا جا رہا ہے۔
اجلاس میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے محکمہ بلدیات کی جانب سے مختلف شہروں کے لئے تیار کی گئی تجاویز پیش کیں جن پر شرکاء نے اپنی راء کا اظہار کیا۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے سینئر وزیر عبدالعلیم خان کی زیر صدارت قائم کردہ اس اعلیٰ سطحی کمیٹی کا یہ تیسرا اجلاس تھا جس میں بلدیاتی ایکٹ 2019کے حوالے سے تفصیلی بحث کی گئی۔