میری جان کو خطرہ ہے،سکیورٹی فراہم کی جائے ، پریذائیڈنگ افسرکی اپیل

وزیر آباد: وزیر آباد میں صوبائی اسمبلی کی نشست پی پی 51 کے مبینہ پریذائیڈنگ افسر نے کہا ہے کہ میری جان کو خطرہ ہے،سکیورٹی فراہم کی جائے ۔ انہوں نے اپنے ایک ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ ضمنی انتخاب میں غنڈوں نے مجھے دھمکایا اور قتل کرنے کی دھمکی دی تھی۔ انہوں نے سکیورٹی فراہم کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ میری جان کو خطرہ ہے۔ پولنگ کے دن انہیں شرپسند عناصر مدد کے لیے تنگ کرتے رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وہ پولنگ کے بعد ووٹوں کا تھیلا جمع کرانے جا رہے تھے ۔لیکن شرپسند عناصر کی جانب سے انہیں سڑکوں پر گھمایا گیا اور ٹولے میں سے ایک بندہ تھیلا لے کر بھاگ گیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل 19 فروری کو ضمنی انتخاب کے دوران ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں پریذائیڈنگ افسر کو لوگوں نے ووٹ کا تھیلا باہر لے جاتے ہوئے پکڑ لیا تھا اور جب ان سے تھیلے کے متعلق استفسار کیا گیا تو وہ چپ رہے۔مبینہ طور پرووٹوں کا تھیلا لے کر فرار کے دوران پکڑے گئے پریذائیڈنگ افسر نے اپنا نام لیاقت علی بھٹہ بتایا تھا۔