صدرمملکت عارف علوی نے خصوصی افراد کو مالی خدمات کی فراہمی کی ضرورت پرزوردیا ہے۔
انہوں نے ہفتے کے روز لاہور میں AUTISM بیماری اور بچوں کی نفسیات کے موضوع پر ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ خصوصی افراد کو بینکوں سمیت دیگر شعبوں میں روزگار کے مواقع دئیے جانے چاہئیں۔انہوں نے کہاکہ خصوصی افراد ہمارے معاشرے کاحصہ ہیں اوران کی صلاحیتوں سے استفادہ کرنے کی ضرورت ہے ۔صدرنے کہاکہ AUTISM سے متاثرہ بچوں کا خصوصی پیار اور توجہ کے ساتھ علاج معالجہ کیاجاناچاہیے۔انہوں نے کہا کہ ایسے بچے ہماری خصوصی توجہ کے مستحق ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں بحیثیت ایک معاشرہ اپنے ذہنی معاملات کو چھپانے کی کوشش نہیں کرنی چاہئے اور نفسیات دان سے رجوع کرنا چاہئے اور اسے ایک فرض سمجھنا چاہئے کیونکہ ہم اس کا بمشکل تذکرہ کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام میں اعصابی تنائو کے حوالے سے آگاہی انتہائی کم ہے۔
صدر نے کہا کہ طلبہ سے صحیح طریقے سے برتائو کیلئے اساتذہ کی خصوصی تربیت کی ضرورت ہے جو بلواسطہ ذہنی دبائو کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان بچوں میں ڈپریشن کی جھلک دیکھی جاسکتی ہے جن کے والدین ذہنی دباؤ کا شکار ہیں۔انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد کی ضرورت اور ان کی صلاحیتوں کے مطابق روزگار کے خصوصی مواقع پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔