اداکارہ ایمان علی کی میجر عزیز بھٹی شہید کے پوتے بابر بھٹی سے شادی کی تقریبات کا آغاز
لاہور (نیوز ڈیسک) معروف پاکستانی اداکارہ اور ماڈل ایمان علی کی میجر عزیز بھٹی شہید کے پوتے بابر عزیز بھٹی سے شادی کی تقریبات کا آغاز ہو گیا ہے۔ مایوں کی تقریب میں قریبی عزیزوں اوردوستوں نے شرکت کی۔ ڈھولک کی تقریب میں ایمان علی نے خود بھی ڈھولک بجائی۔ اپنی شادی اور بابر بھٹی سے تعلقات کے حوالے سے ایمان علی نے بتایا کہ ان کے اور بابر کے تعلقات ڈیڑھ سال قبل استوار ہوئے اور انہوں نے اچانک شادی کا فیصلہ کیا۔ اگرچہ ان کا اور بابر بھٹی کا تعلق لاہور سے ہے، تاہم وہ کراچی میں ایک دوست کی سالگرہ پر پہلی بار ملے تھے جس کے بعد ان میں شناسائی ہوئی۔ ایمان علی کے مطابق ان کی والدہ اور بہنیں ان سے کافی وقت سے شادی کرنے کی ضد کرتی رہیں تاہم انہوں نے ہر بار ان کی ضد کو مسترد کیا، لیکن کچھ عرصہ قبل ہی انہوں نے سب کو شادی کا بتا کر حیران کردیا۔ اداکارہ نے بتایا کہ اگرچہ وہ نہیں چاہتی تھیں کہ ان کی شادی کی خبریں اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوں تاہم ان کے دوستوں نے ان کی شادی سے متعلق معلومات شیئر کی۔ ایمان علی نے شادی کی تقریبات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے بہترین کوریو گرافر کی خدمات حاصل کر رکھی ہیں اور شادی کی تقریبات میں خوب ڈانس ہوگا۔ ان کی ٹیم دولہا کی ٹیم کو شکست دینے کے لیے تیار ہے۔ ایمان علی نے بتایا کہ وہ شادی پر سفید رنگ کا لباس پہنیں گی اور گہرے میک اپ سے اجتناب کریں گی۔ وہ اپنی زندگی کے خاص دن پر نیچرل نظر آنا چاہتی ہیں۔