پارلیمنٹ جرنیل کے گناہ معاف کر سکتی ہے تو سب کچھ کر سکتی ہے اچکزئی: فیصلے نوازشریف ہی کریں گے: مریم اورنگزیب
اسلام آباد (این این آئی) وزیر مملکت برائے اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد نواز شریف کے بیانئے کو مزید تقویت ملے گی۔ کمزور فیصلے کے دفاع میں سارے فیصلے آرہے ہیں، مسلم لیگ (ن) کے فیصلے نواز شریف ہی کرینگے، ہماری پارٹی کی جو بھی حکمت عملی ہواس پر نواز شریف کی مہر ثبت ہوگی۔ وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے کہا ہے کہ اس طرح کے فیصلوں سے نواز شریف مائنس نہیں ہو گا۔ سیدھی طرح کہہ دیا جائے مسلم لیگ (ن) کو الیکشن میں حصہ نہیں لینے دینگے ۔صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ نوازشریف ہمارے قائد ہیں، کوئی عدالتی فیصلہ ہماری کمٹمنٹ نہیں توڑ سکتا۔ رانا ثناء اللہ نے نوازشریف کو پارٹی کا پیر اور قائد قرار دیدیا ۔قبل ازیں پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ اور رکن قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی نے کہاہے کہ اگر پارلیمنٹ اپنی طاقت سے کسی بھی جرنیل کے تمام دس سال کے گناہوں کومعاف کرسکتی ہے تو یہ پارلیمنٹ کچھ بھی کرسکتی ہے،تین قسم کے لوگ آئین کے تحفظ کی قسم کھاتے ہیں ایک فوجی‘ جج اور پارلیمنٹرین ، ان میں سے جو بھی آئین کی حدود سے تجاوز کرے گا وہ قابل سزا ہوگا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے کہا کہ پاکستان ایک رضا کارانہ فیڈریشن ہے ہم سب اکٹھے اس فیڈریشن میں شامل ہوئے ہیں آئین کا ایک ایک حرف مقدس اور مقدم اس لئے ہے کہ اسی پر فیڈریشن چلنے پر مبنی ہے۔عابد شیر علی نے اپنے ٹویٹ پیغام میں کہا ہے میرا لیڈر میاں نوازشریف ہے احتجاج‘ احتجاج‘ احتجاج‘ نامنظور نا منظور نامنظور۔ مسلم لیگ کے رہنما حنیف عباسی نے کہا ہے کہ شیخ رشید کو بھی توہین عدالت کا نوٹس ملنا چاہیے، میاں نوازشریف ہی ہمارا لیڈر ہے۔