ڈہرکی،فنکشنل لیگ کا الیکشن کمیشن سے ضمنی الیکشن میں دھاندلی کا نوٹس لینے کا مطالبہ
کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ فنکشنل نے الیکشن کمیشن سے پی ایس سات ڈہرکی ضمنی الیکشن میں حکمران جماعت کی قبل از انتخابات دھاندلی کا نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا یہ مطالبہ فنکشنل لیگ کے الیکشن سیل کے اراکین نے کیا ہے۔ فنکشنل مسلم لیگ کے الیکشن سیل کے ارکان کا اجلاس صوبائی جنرل سیکریٹری سردار رحیم کی صدارت میں ہوا ۔اجلاس میں سندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر نند کمار، نصرت سحر عباسی، سیکریٹری اطلاعات عبدالکریم شیخ اور اسرار شاہ ایڈووکیٹ سمیت دیگر شریک ہوئے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پی ایس سات کے ضمنی الیکشن میں بھرپور طریقے سے حصہ لیا جائیگا حکمرانوں کو بھاگنے نہیں دیا جائیگا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ سندھ حکومت نے پولنگ سے قبل ہی حلقے میں دھاندلی کے ریکارڈ توڑ دیئے ہیں ۔صوبائی وزراء حلقے میں ترقیاتی کام کروا رہے ہیں ضمنی الیکشن کا شیڈول انائونس ہونے کے بعد ترقیاتی کام کروانا کہاں کا انصاف ہے ہم ترقیاتی کاموں کے خلاف نہیں لیکن قانون اور آئین پر عملدرآمد ضروری ہے۔