سرکاری خرچ پر پی ایچ ڈی کے بیرون ملک جانیوالے 428 سکالرز غائب ہو گئے
اسلام آباد (صباح نیوز) حکومت نے ہزاروں طالب علموں کو سپانسر کیا اور سرکاری خزانے سے پیسہ خرچ کر کے بیرون ملک پی ایچ ڈی اور ایم فل کے لئے بھیجا‘ کروڑوں ڈالرز کے خرچ پر امریکہ، برطانیہ اور دیگر مغربی ملکوں میں پی ایچ ڈی اور ایم فل پروگرام کے لئے جانے والے سینکڑوں پاکستانی سکالرز ہیں جنہوں نے واپس آنے کے بجائے وہیں سکونت اختیار کر لی یا غائب ہو گئے ہیں۔ سرکاری خرچ پر پی ایچ ڈی کے لئے بیرون ملک جانیوالے 428 سکالرز غائب ہو گئے۔ہائر ایجوکیشن کمشن کے قوانین کے مطابق بیرون ملک جانے والوں کو واپسی کا حلف نامہ دینا پڑتا ہے کہ پی ایچ ڈی کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد وطن واپس آئیں گے اور تقریبا5سال تک پاکستان کے اداروں میں کام کرنے کے پابند ہوں گے۔ ہائر ایجوکیشن کمشن کے مطابق 5780 سکالرز کو اعلیٰ تعلیم کے لئے بیرون ملک بھیجا گیا جن میں سے3800 تعلیم مکمل کر رہے ہیں جبکہ 428سکالرز غائب ہو گئے ہیں۔ واپس نہ آنے والے 55سکالرز سے جرمانہ وصول کیا جبکہ 338سکالرز کے خلاف اب قانونی کارروائی شروع کی جا رہی ہے۔