پاکستان دہشتگردی کیخلاف سخت کاروائی نہیں کررہا، واچ لسٹ میں شامل کرنیکا فیصلہ آج ہوگا: امریکہ
واشنگٹن (این این آئی) امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے پاکستان کو دہشت گردوں کی مالی معاونت کرنے والے ممالک کی واچ لسٹ میں شامل کرنے کا فیصلہ آج (جمعرات کو )ہوگا، پاکستان کا نام فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی فہرست میں شامل کرنے کا مقصد اس بات کا اظہار ہوگا کہ دہشت گردی کی مالی معاونت روکنے اور انسداد دہشت گردی پاکستان درکار سخت کارروائی نہیں کر رہا۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ترجمان نے کہا کہ بہت سارے ملک یکساں سوچ کے حامل ہیں۔ایک سوال کے جواب میں ترجمان ہیدر نوئرٹ نے کہا کہ پاکستان اْن ملکوں میں شامل ہے جس کا قریب سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔ ہمیں توقع ہے کہ حتمی فیصلہ جمعرات کو ہونے والا ہے۔نوئرٹ نے کہا کہ میرے خیال میں ہم نے پاکستان کو بہت ہی واضح طور پر بتا دیا ہے جس میں دہشت گردی کی مالی معاونت کے بارے میں اپنی تشویش کا معاملہ شامل ہے۔ ہم نے اْس شخص کے بارے میں کتنی بار کہا ہے جسے پاکستان نے نظربندی سے رہائی دی، جو 2008ء کے ممبئی حملوں کا ذمے دار ہے، جس میں بہت سارے افراد ہلاک ہوئے، جن میں امریکی بھی شامل تھے۔انہوں نے کہا پاکستان میں دہشتگردی کے نئے قانون کے بارے میں علم نہیں ہے ۔ واضح رہے کہ صدر ممنون حسین نے انسداد دہشتگردی ایکٹ 1997 میں ترمیم کرتے ہوئے آرڈینینس جاری کیا جس کے مطابق اب اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کی فہرست میں کالعدم تنظیموں ، دہشت گردوں اور مطلوب افراد کے خلاف پاکستان مین بھی کارروائی کی جا سکے گی ۔