ہمیں سب پتہ‘ ملزمان جیل نہیں جاتے، بیمار پڑ جاتے ہیں: فشر مین کوآپریٹو کیس میں چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کے ریمارکس
کراچی (وقائع نگار) سندھ ہائی کورٹ نے فشرمین کوآپریٹو سوسائٹی میں غیر قانونی بھرتیاں اور کرپشن کیس میں ملزمان کی درخواست ضمانت پر وکلا سے دلائل طلب کر لئے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ہمیں سب پتہ ہے ملزمان جیل میں جاتے نہیں کہ بیمار پڑ جاتے ہیں۔ جیل میں جانے کے بعد بیماری کے بہانے سے ہسپتال ایڈمٹ ہونے کی کوشش کی جاتی ہے۔ ہسپتال میں ملزمان کو وی آئی پی کمرہ فراہم کردیا جاتا ہے۔ چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس احمد علی شیخ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو فشرمین کوآپریٹو سوسائٹی میں غیر قانونی بھرتیاں اور کرپشن کیس میں ملزمان کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔ فشرمین کوآپریٹو سوسائٹی کے سابق چیئرمین نثار مورائی سلطان قمر صدیقی اور دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔ ملزم عبدالسعید خان کے وکیل کی جانب سے دلائل دیئے گئے۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر دلائل مزید طلب کر لیے۔ عدالت نے سماعت 14 مارچ تک ملتوی کردی۔