سپریم کورٹ نے آئوٹ آف ٹرن پروموشن کیس فیصلے کیخلاف پولیس افسروں کی اپیلیں مسترد کردیں
اسلام آباد (صباح نیوز) سپریم کورٹ نے پنجاب پولیس کے افسروں کی طرف سے آئوٹ آف ٹرن پروموشن کیس میں فیصلے کے خلاف دائر اپیلیں مسترد کردی ہیں، چیف جسٹس کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بینچ نے اپیلوں پر سماعت کی۔ پولیس افسروں نے آئی جی پنجاب کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ آئی جی پنجاب نے عدالتی فیصلوں سے ترقی پانے والے افسروں کو بھی ڈی موٹ کر دیا تھا جس پر افسروں کی طرف سے آئی جی کے فیصلے کو عدالت میں چیلنج کیا گیا تھا۔ اس دوران متاثر پولیس افسروں کے وکیل خواجہ حارث نے کہاکہ عدالت پہلے بھی ریٹائرڈ افسروں کی پروموشن کو اپنے فیصلے سے تحفظ دے چکی ہے عدالتی فیصلوں سے ترقی پانے والوں کو بھی تحفظ دیا جائے جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ آپ چاہتے ہیں انہیں ریٹائرڈ ہونے کا آپشن دیا جائے۔ عدالت نے مختصر فیصلہ جار ی کردیا اور قرار دیا کہ فیصلہ کی تفصیلی وجوہات بعد میں جاری کی جائیں گی۔