شریف خاندان کی 3 بندشوگر ملز کھولنے کا حکم، ہر ماہ اکاؤنٹس کی تفصیلات دی جائیں: عدلت عظمیٰ
اسلام آباد (آئی این پی+ نوائے وقت نیوز) سپریم کورٹ نے شریف خاندان کی تین بند شوگر ملز کھولنے کا حکم دیدیا‘ چیف جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے کہ کسان کے مفاد میں بند شوگر ملز کھول رہے ہیں۔ بدھ کو سپریم کورٹ میں کاشتکاروں سے گنا خریداری سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ سپریم کورٹ نے شریف خاندان کی بند شوگر ملز کھولنے کا حکم دیدیا۔ چیف جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے کہ کسان کے مفاد میں بند شوگر ملز کھول رہے ہیں۔ کسانوں اور شوگر ملز کے درمیان سیٹلمنٹ نہیں ہوسکی‘ بند شوگر ملز کھولنے کی استدعا پہلے مسترد کردی تھی۔ حسیب وقاص ‘ اتفاق اور چوہدری شوگر ملز کسانوں سے گنا خریدیں تینوں شوگر ملز گنا خریدنے کے الگ اکائونٹس بنائیں تینوں شوگر ملز اکائونٹس کی تفصیلات ہر ماہ عدالت کو فراہم کریں۔ سپریم کورٹ نے جہانگیر ترین کی جانب سے کرائی گئی یقین دہانی ختم کردی۔ جہانگیر ترین کی شوگر مل جے ڈی ڈبلیو کے وکیل اعتزاز احسن نے کہا کہ عدالت ملوں کو کھولتی ہے تو بند کرنے کی تاریخ بھی مقرر کر دے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ملوں کو بند کرنے کی تاریخ ہم مقرر کریں؟، ہم تو کسانوں کے مفاد میں ملز کھول رہے ہیں۔ جہانگیر ترین کی ڈکٹیشن پر ملوں کو بند نہیں کریں گے۔ ہر ماہ اس کیس کی سماعت کریں گے۔ کھلنے والی ملیں اپنے اکائونٹس کی تفصیل بھی فراہم کریں۔ کسانوں کا نقصان نہیں ہونا چاہئے۔ اعتزاز احسن نے کہا گنے کی کرشنگ اپریل کے بعد بھی کرتے رہیں گے۔ گنے کاوزن شوگرمل کے اندر ہی ہوسکتا ہے۔ جنوبی پنجاب میں وزن کرنے والے کانٹے نہیں، جس کاریٹ آئے گا اس سے گنا خریدا جائے گا۔ کسانوں کے وکیل نے کہا کہ ہمیں 160 روپے ریٹ دے دیں اور شوگر ملیں پک اپ پوائنٹ سے گنا خریدیں۔ چیف جسٹس نے حکم دیا کہ شوگر ملیں کمشنر کے مختص کردہ پوائنٹ سے گنا اٹھائیں گی۔ کسان کی ٹرالی جتنے دن شوگرمل کے باہرکھڑی رہے گی، خرچہ شوگر مل برداشت کرے گی۔ جسٹس عمرعطاء بندیال نے کہا کہ شوگر ملوں نے پک اپ پوائنٹس سے گنا خریدنے اور رقم اداکرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔ ان معاملات میں ہتھوڑے کاسہارانہیں لے سکتے، شوگرملوں نے کسان کے ساتھ قابل عمل حل نکالناہے، پورے صوبے میں کوئی مل رقم نہیں دے رہی، شوگرمل والے یہ بتائیں کیاریٹ دیں گے؟۔