پاکستان سمیت دنیا بھر میں پرائیوٹائزیشن ناکام ہوچکی،جنیدی
کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان سمیت دنیا بھر میں پرائیوٹائزیشن کا عمل ناکام ہوچکاہے اور وطنِ عزیز کے محنت کش وفاقی حکومت کی جانب سے پی آئی اے اور اسٹیل ملز کی نجکاری کے منصوبہ کی شدید مذمت اور اسے واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار پیپلز لیبر بیورو آرگنائزنگ کمیٹی کے کنوینر سینئر مزدوررہنما حبیب الدین جنیدی نے وفاقی حکوت کی جانب سے قومی ائیر لائن پی آئی اے اور پاکستان اسٹیل ملز کی نجکاری کے حوالہ سے منصوبہ کے خلاف اپنے شدید ردِ عمل کے طور پر کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں نجکاری کے نام پر بیشتر تجارتی و صنعتی ادارے اور کمرشل بنکس ملکی اور غیر ملکی سرمایہ داروں کے گروپس کو فروخت کئے جاچکے ہیں جس کے نتیجہ میں لاکھوں افرا د بیروزگار ہوئے ،کئی گھرانے معاشی طور پر تبا ہ و برباد ہوئے جبکہ دوسری جانب ان صنعتوں اور اداروں کا کنٹرول پاکستان کے ہاتھوں سے نکل کر مکمل طور پر ملکی اور غیر ملکی سرمایہ داروں اور بنکنگ کارٹل کے ہاتھوں میں چلا گیا اور ریاست پاکستان کے اختیارات ان اداروں پر ختم ہوگئے۔