اسٹیل ملز پی آئی اے اورلاکھڑا پاور کی نجکاری کے خلاف سندھ حکومت کا احتجاج
سندھ کی صوبائی حکومت نے کابینہ کے اجلاس میں پی آئی اے‘اسٹیل ملز اورلاکھڑا پاور کی نجکاری کے خلاف احتجاج کیا ہے‘ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ وفاق ملازمین کے مفادات کا تحفظ کرے پاکستان اسٹیل کے کارکن تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے باعث فاقہ کشی کا شکار ہیں وفاقی حکومت نے دانستہ منافع بخش ادارے کو نقصان میں تبدیل کردیا اوریہی حال پی آئی اے کا کیا گیا ہے‘ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت تینوں اداروں کی نجکاری کے خلاف احتجاج کرے گی کابینہ نے وزیراعلیٰ کو وفاقی حکومت کو واضح پیغام دینے کا اختیار بھی دیدیا ہے۔ خدا کاشکر ہے کہ سندھ حکومت کو خیال آگیا حالانکہ یہ معاملات تو گزشتہ کئی برسوں سے چل رہے ہیں اورخصوصاً اسٹیل ملز کے ملازمین تو اب موت وزیست کی کشمکش میں مبتلاہیں لیکن سندھ حکومت کی طرف سے کبھی آواز نہیں اٹھائی گئی اب شاید انتخابات کی تیاریوں کے سلسلہ میں اس ایشو کو بھی کیش کرانے کی کوشش کی جائے گی بہرحال دیر آید درست آید کے مصداق حکومت جاگی تو سہی اوراسے مظلوم ملازمین کا خیال تو آیا کسی بہانے سہی مظلوم ملازمین کی دادرسی ہوجائے اورادارے تباہ ہونے سے بچ جائیں تو قوم کیلئے نیک فا ل ہے۔ یہ ادارے ابھی اتنے تباہ نہیں ہوئے بہتر حکمت عملی اور ذاتی مفادات سے بالاتر ہوکر اگرکوشش کی جائے تو پھر منافع بخش ہوسکتے ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ اب حکومت سندھ اس معاملہ میں خاموش نہ بیٹھے اور ا ن کی نجکاری رکوا کر ہی دم لے۔ اداروں کے ملازمین کا عملی تعاون اوردعائیں بھی اس کے ساتھ ہیں۔