سپریم کورٹ کے فیصلہ کے بعد الیکشن کمیشن کا اجلاس آج طلب کر لیا گیا
اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں پہلا کام یہ کیا ہے کہ ویب سائٹ سے نواز شریف کی تصویر اور نام دونوں ہٹا دیئے ہیں ، دوسری جانب الیکشن کمیشن کا اجلاس آج بروز جمعرات طلب کرلیا گیا ہے ، اجلاس کی صدارت چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ سردار رضا خان کریںگے، اجلاس میں سپریم کورٹ کے فیصلہ کی روشنی عام انتخابات اور سینٹ کے انتخابات کے حوالے سے اہم اور حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ دریں اثناء الیکشن کمشن نے سیکرٹری جنرل مسلم لیگ ن احسن اقبال کو خط لکھ دیا ہے جس میں انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پارٹی میں انتخابات کرواکر صدارت کے عہدہ کو پر کریں ، جبکہ 45دنوں کے اندر تمام کارروائی مکمل کرتے ہوئے رپورٹ الیکشن کمیشن میں جمع کروائی جائے ، میاں محمد نواز شریف پارٹی کے سربراہ بھی نہیں رہے ایسے میں پارٹی کے جنرل سیکرٹری کی ذمہ داری ہے کہ وہ پارٹی کے تمام عہدوں کو پر کرے۔