نوازشریف کو دلوں سے نہیں نکالا جاسکتا: مریم نواز
لاہور (ایجنسیاں) مسلم لیگ (ن) کی مرکزی رہنما و سابق وزیر اعظم محمد نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ عوام کی خدمت ہی مسلم لیگ (ن) کا مشن ہے اور اسی وجہ سے مخالفین کے پراپیگنڈا کے باوجود نواز شریف کو عوام کے دلوں سے نہیں نکالا جا سکا، عوام آئندہ انتخابات میں اپنے ووٹ کی طاقت سے ترقی کا راستہ روکنے والوں کو عبرت کا نشان بنائیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ این اے 120کے علاقہ بند روڈ میں ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینے کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ذمے داران کو ترقیاتی کام جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ مریم نواز نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ہر طرح کی مشکلات کے باوجود ملک و قوم کے مفادات کو ترجیح دی ہے۔ ملک سے اندھیروں کا خاتمہ ہو چکا ہے اور موجودہ پاکستان 2013ء کے پاکستان سے بہت بہتر ہے۔ اب عام انتخابات میں عوام کی عدالت میں جائیں گے‘ مخالفین نے مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے خلاف ہر سطح پر بے بنیاد پراپیگنڈا کیا گیا مگر آپ دیکھ لیں نواز شریف آج بھی پاکستان کے 22کروڑ عوام کے دلوں میں بستے ہیں۔ مریم نے چنے اور پٹھورے کا ناشتہ کیا، ریڑھی والا پیسے لینے سے انکار کرتا رہا مگر مریم نواز نے اسے ایک ہزار روپے دئیے، مریم نواز نے کارکنوں اور عوام کے مسائل سنے اور ان کے حل کی یقین دہانی کرائی۔