فنڈز کی عدم فراہمی سے منصوبے تاخیر کا شکار ہو رہے ہیں‘ سینیٹ قائمہ کمیٹی
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے خزانہ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ فنڈز کی بروقت عدم فراہمی کی وجہ سے منصوبے تاخیر کا شکار ہو رہے ہیں ۔ قائمہ کمیٹی کے اجلاس میںایف بی آر ڈویژن ، نارکوٹیکس ڈویژن ، معاشی امور ڈویژن کے پی ایس ڈی پی میں منصوبہ جات اور ان کی موجودہ صورتحا ل کے علاوہ قرضوں کی ری شیڈولنگ کے حوالے سے نشنل بنک کی طرف سے مختلف پرائیوٹ کمپنیوں کیساتھ امتیازی سلوک کے حوالے سے معاملات کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔ ممبرایڈمن ایف بی آرتسنیم رحمان نے کمیٹی کو بتایا کہ 2018-19کی پی ایس ڈی پی میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے 6.15ارب روپے کے 49منصوبے ہیں جن میں سے 5جاری منصوبے ہیں ، 25نئے منظور شدہ منصوبے ہیں جبکہ 19منصوبے منظور کروانے ہیں ۔ کمیٹی کو 5 جاری منصوبوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا جس پر کمیٹی نے ہدایت کی منصوبہ جات کے لئے فنڈز جلد سے جلد فراہم کیے جائیں تاکہ منصوبے وقت پر مکمل ہو سکیں۔ چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ قرضوں کی ری شیڈولنگ کے حوالے سے کچھ کمپنیوں کوسیاسی بنیاد پر انتقام کا نشانہ بنا یا جارہاہے ان کے ساتھ امتیازی سلوک کیا جارہا ہے اس کو بند کیا جائے۔