ملتان کارڈیالوجی میں بغیر آپریشن پہلی بار 2 مریضوں کے دل کا والو تبدیل
ملتان (سٹاف رپورٹر) ایگزیکٹو ڈائریکٹر (ای ڈی) انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی ملتان پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد نے کہا ہے کہ امریکی ڈاکٹرز کی زیر نگرانی کارڈیالوجی کے ڈاکٹرز کا بغیر سرجری دل کے والوز تبدیل کرنا اہم سنگ میل ہے۔ امریکہ سے آئے ڈاکٹروں نے 6 والوز عطیہ کئے ہیں۔
امریکہ سے آئی ماہرین کی ٹیم کے ساتھ ملکر خاتون سمیت 2 غریب مریضوں کے مفت والوز تبدیل کئے ہیں، ایک والو کی قیمت 30 ہزار امریکی ڈالر یا 32 لاکھ روپے سے زائد بنتی ہے تاہم امریکہ سے آئے ڈاکٹروں نے کارڈیالوجی ہسپتال کو 6 والوز عطیہ کئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز کارڈیالوجی ہسپتال کے کمیٹی روم میں امریکہ سے آئی کارڈیالوجسٹ ڈاکٹرز کی ٹیم کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) کارڈیالوجی ڈاکٹر ظفر اقبال علوی بھی موجود تھے۔ ای ڈی پروفیسر رانا الطاف احمد نے مزید بتایا کہ یہ والو بذریعہ مریض کی ٹانگ انجیو گرافی کر کے تبدیل کیا جاتا ہے یہ ان مریضوں میں کیا جاتا ہے جن کی اوپن ہارٹ سرجری ممکن نہیں ہوتی۔ پاکستانی نژاد امریکی کارڈیالوجسٹ ڈاکٹر یاسر اختر نے بتایا کہ والو کی تبدیلی میں ڈاکٹرز اور والوز تیار کرنے والی امریکی کمپنی کے انجینئرز ملکر حصہ لیتے ہیں جبکہ اس تمام پروسیس کے دوران مریض کو انستھیزیا دینے کی بھی ضرورت نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ یہ گھنٹہ بھر کا پروسیس ہے جس میں غلطی کی گنجائش کم ہوتی ہے۔
دل والو