عدالتی فیصلوں سے کوئی فرق پڑتا ہے نہ نوازشریف مائنس ہونگے: مسلم لیگ ن
اسلام آباد+ لاہور (این این آئی+ صباح نیوز ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کے فیصلو ں سے نواز شریف مائنس نہیں ہوسکتا بلکہ اس سے مزید مضبوط ہوگا، نواز شریف کا بیانیہ مزید مقبول ہوگا، نااہلیاں، جلاوطنیاں، دھمکیاں، الزامات، سازشیں اور مقدمات سیاست کا دھارا بدل سکی ہیں نہ بدل سکیں گی۔ اقامہ کافیصلہ بھی کسی نے تسلیم نہیں کیا تھا، اس فیصلے کو بھی عوام نہیں مانیں گے، مسلم لیگ (ن) اسی لائن پر چلے گی جس کا فیصلہ نواز شریف کریں گے۔ وفاقی وزیرخواجہ سعد رفیق نے ٹوئٹر پر اپنے رد عمل میں کہا ہے کہ نااہلیاں، جلاوطنیاں، دھمکیاں، الزامات، سازشیں اور مقدمات سیاست کا دھارا بدل سکی ہیں نہ بدل سکیں گی۔ انہوں نے کہا کہ جو دل میں بس رہا ہے حکومت اسی کی ہے۔ وفاقی وزیر مشاہد اللہ خان نے کہا کہ اقامہ کا فیصلہ بھی عوام نے تسلیم نہیں کیا تھا اس فیصلے کو بھی عوام نہیں مانیں گے۔ تفصیلی فیصلہ آنے کے بعد اس کا جائزہ لیا جائے گا۔ وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے کہا کہ توقع تھی کہ ایسا ہی فیصلہ آئے گا۔ نواز شریف کا بیانیہ مزید مقبول ہوگا۔ ایک کمزور فیصلے کے دفاع میں تمام فیصلے آ رہے ہیں، (ن) لیگ کے تمام فیصلے نواز شریف ہی کریں گے۔انہوں نے کہا کہ سینیٹ انتخابات وقت پر ہونے چاہئیں، ملتوی نہیں ہونے چاہئیں، سینیٹ الیکشن ملتوی ہونا کسی کے مفاد میں نہیں۔ وزیر مملکت طلال چوہدری نے کہا کہ اس طرح کے فیصلو ں سے نواز شریف مائنس نہیں ہوسکتا بلکہ اس سے مزید مضبوط ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ کا نام ہی مسلم لیگ نواز ہے اور وہ ایک مقبول لیڈر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیدھی طرح کہا جائے کہ نواز لیگ کو انتخابات میں حصہ نہیں لینے دیں گے کیونکہ نواز شریف کو ہرانے کے لئے سیاسی طریقے کامیاب نہیں ہو پا رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا اہم ادارہ پارلیمنٹ ہے، پارلیمنٹ آئین بناتی ہے وہ جو چاہے تبدیلی کر سکتی ہے، لیکن اگر پاکستان میں نیا سسٹم لانا ہے تو الگ بات ہے۔ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ فیصلے نواز شریف کو نقصان نہیں دے رہے بلکہ ان کے بیانیے کو بڑھا رہے ہیں اور اس طرح نواز شریف مائنس نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جس کو نواز شریف چاہیں گے وہ ہی ایم این اے، ایم پی اے اور سینیٹر بنے گا۔ وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ نے کہا نواز شریف مسلم لیگ (ن)کے قائد اور رہبر ہے اور ان کی رہنمائی میں ملک کی خدمت کرنے کے لیے کسی عدالتی فیصلے کی ضرورت نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان فیصلوں سے کوئی فرق نہیں پڑے گا، سیاسی طور پر عوام کی ہمدردی کو آمریت کے فیصلوں سے نا پہلے روکا جا سکا تھا اور نا اب روکا جا سکے گا۔ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اسی لائن پر چلے گی جس کا فیصلہ نواز شریف کریں گے۔ پارٹی ٹکٹ کے حوالے سے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)کے پارلیمانی بورڈ کے فیصلے نواز شریف کریں گے پارٹی میں رہنے کے لیے پارٹی قائد کے فیصلے کو تسلیم کرنا پڑے گا۔ مسلم لیگ(ن )کے چیئرمین راجہ ظفر الحق نے کہا ہے کہ عہدے آنی جانی چیزیں ہیں،ہماری قیادت بیٹھ کر پارٹی صدارت پر فیصلہ کرے گی،شہباز شریف کو پارٹی صدر بنانے کا ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا، نواز شریف پاکستان کے سب سے تجربہ کار اور بڑے لیڈر ہیں، ان کی لیڈرشپ کو کوئی نہیں روک سکتا۔