تین منصوبوں کی افتتاحی تقریب‘ شاہد خاقان آج ترکمانستان جائیں گے
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) ترکمان صدر کی دعوت پر وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی توانائی اور مواصلات کے تین منصوبوں کی شروعات کی تقریبات میں شرکت کیلئے بائیس اور تیئس فروری کو تر کمانستان کا دو روزہ سرکاری دورہ کر رہے ہیں۔ وہ افغانستان کے جنوبی شہر ہرات بھی جائیں گے۔ دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان ترکمانستان، افغانستان، پاکستان اور بھارت (تاپی)گیس پائپ لائن، بجلی کی ٹرانسمشن منصوبہ اور اور فائبر آپٹکس کے منصوبوں کی تقریبات میں حصہ لیں گے۔ ان کے ساتھ ترکمان صدر، افغان صدر اشرف غنی ان تقریبات میں شریک ہوں گے جبکہ بھارت نے اپنی نمائندگی کم سطح کی رکھتے ہوئے خارجہ امور کے وزیر مملکت ایم جے اکبر کو بھجوانے کا اعلان کیا ہے۔ دفتر خارجہ کے بیان میں بتایا گیا ہے کہ تاپی گیس منصوبہ کے سلسلہ میں وزیراعظم، پہلے ترکمانستان کے شہر سرحت آباد اور منصوبہ کے دوسرے مرحلہ کیلئے افغان شہر ہرات جائیں گے۔