عاصمہ رانی قتل کیس: مجاہد کے ریڈ وارنٹ جاری‘ مفرور ملزم کیلئے قانون میں ہمدردی نہیں رہتی: سپریم کورٹ
اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت ) پولیس نے عاصمہ رانی قتل کیس میں ملزم مجاہد کے ریڈ وارنٹ جاری کردیئے جبکہ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ مفرور ملزم کے لیے قانون میں ہمدردی باقی نہیں رہتی، جلد یا تاخیر سے ملزم نے پکڑے ہی جانا ہے۔چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے کوہاٹ کی عاصمہ رانی قتل کیس کی سماعت کی ۔دوران سماعت چیف جسٹس نے ملزم کے چچا سے کہاکہ آپ پی ٹی آئی کے رکن بھی ہیں ، آپ کے مقدمے پر اثرانداز ہونے کا پتہ چلا تو ایکشن لیں گے۔ملزم کے چچا نے عدالت کو بتایا کہ ملزم مجاہد کے والد سے بیرون ملک رابطہ کیا ہے، جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ مفرور ملزم کیلئے قانون میں ہمدردی باقی نہیں رہتی۔ڈپٹی ایڈووکیٹ جنرل خیبرپی کے نے عدالت کو بتایاملزم کے ریڈ وارنٹ جاری کر رہے ہیں۔ پولیس حکام نے بتایا کہ امید ہے ملزم کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔ عدالت کا کہنا تھا کہ ایک ماہ تک نتائج دیں، جس کے بعد سپریم کورٹ نے کیس کی سماعت ایک ماہ کے لیے ملتوی کردی گئی ۔دریں اثناء سپریم کور ٹ نے مردان میں قتل ہونے والی اسماء کے قتل سے متعلق ازخود نوٹس کیس نمٹا دیا۔چیف جسٹس نے استفسار کیا ، کیاملزم گرفتار ہوا ہے؟ چالان کب تک فائل کر رہے ہیں۔ ڈپٹی ایڈووکیٹ جنرل کے پی نے عدالت کو بتایاکہ ملزم کا نام غلام نبی ہے اسے گرفتار کر لیا گیا ہے اور وہ جوڈیشل حراست میں ہے۔عدالت نے 10 روز میں ملزم کا چالان جمع کروانے کا حکم دیتے ہوئے کیس نمٹا دیا۔