انقرہ میں پاکستان اور ترکی کے اعلیٰ سطح کے ملٹری ڈائیلاگ گروپ کا مذاکراتی دور
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) ترکی کے دارالحکومت انقرہ میں پاکستان اور ترکی کے اعلیٰ سطحی ملٹری ڈائیلاگ گروپ کا 13واں مذاکراتی دور ہوا ۔ مذاکرات میں ترک جنرل سٹاف کے ڈپٹی چیف جنرل امپت دوندر نے ترکی کے وفد کی قیادت کی جبکہ ان مذاکرات میں پاکستانی وفد کی قیادت سیکرٹری دفاع لیفٹینٹ جنرل (ر) ضمیر الحسن شاہ نے کی۔ لیفٹیننٹ جنرل (ر) ضمیر الحسن شاہ نے اجلاس سے قبل ترک مسلح افواج کے چیف جنرل ہولوسی آکر سے ملاقات کی۔ انہوں نے ترک جنرل سٹاف کے ڈپٹی چیف جنرل امیت دوندر سے بھی ملاقات کی ۔ ترکی پاکستان ہائی لیول ملٹری ڈائیلاگ گروپ کے اجلاس میں دونوں وفود نے فوجی تربیت ، تعلیم ، دفاعی صنعت سکیورٹی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تعاون کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ دونوں اطراف نے سکیورٹی ، انسداد گردی اور علاقائی موجودہ صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں بارے غورو خوض کیا۔ انہوں نے خاص طور پر مشرقی وسطی اور افغانستان سمیت جنوبی ایشیاء کے حوالہ سے بھی تبادلہ خیال کیا۔