سیکورٹی فورسز کا ملک بھر میں دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کومبنگ اینڈ سرچ آپریشن جاری ہے

22 فروری 2017 (16:04)

ملک میں حالیہ دہشتگردی کی لہر کے بعد دہشتگردوں کے خلاف شکنجہ کس لیا گیا، سیکیورٹی فورسز کے کومبنگ اینڈ سرچ آپریشن بھرپور انداز سے جاری ہیں. پنجاب کے مختلف شہروں میں کومبنگ آپریشن کے دوران متعدد افراد کو حراست میں لیا گیا، شیخوپورہ کے مختلف علاقوں نارنگ منڈی،شرق پور،فاروق آباد اور صفدر آباد میں کومبنگ آپریشن کے دوران گھروں، ہاسٹلز اور ہوٹلوں کی تلاشی لی گئی, سیکڑوں افراد کی بائیو میٹرک چیکنگ بھی کی گئی جبکہ 22مشکوک افراد کو گرفتار کر کے اسلحہ اور منشیات برآمد کی گئیں.
ڈیرہ غازی خان میں غیرقانونی طور پر بلوچستان سے پنجاب داخل ہونے والے افغان باشندے کو گرفتار کرلیا گیا، ملزم نجیب اللہ دو چیک پوسٹیں کراس کر کے سخی سرور پہنچا تھا جہاں ایک روز پہلے ہی عرس کی تقریبات شروع ہوئیں. ادھر خیرپور اور گردونواح میں پولیس اور رینجرز نے کومبنگ آپریشن کے دوران سات غیرملکیوں سمیت پندرہ مشکوک افراد کو گرفتار کرلیا، سرچ آپریشن کےدوران چار گاڑیاں بھی تحویل میں لے لی گئیں۔