لاہورمیں ینگ ڈاکٹرز کا دوسرے روز بھی کام کرنے سے انکار

22 فروری 2017 (14:25)

ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال ایک بار پھر شروع ہوگئی ۔ سروسز ہسپتال کے ان ڈور ، او پی ڈی اور ایمرجنسی میں مکمل کام بند کر دیا گیا ۔ جنرل اور جناح ہسپتال کا آئوٹ ڈور بھی مکمل بند ہونے سے مریضوں کا پرسان حال کوئی نہ رہا ۔ لاہور کے جناح ، جنرل اور سروسز ہسپتال کے آئوٹ ڈورز دوسرے روز بھی مکمل بندر ہیں ۔ سروسز ہسپتال کی ایمرجنسی میں لائے گئے تشویشناک مریضوں کو بھی علاج سے منع کیا گیا ۔ معاملہ سروس سٹرکچر یا ڈاکٹر کمیونٹی کے مسائل کا نہیں ، بات صرف ایک ینگ ڈاکٹر ایسوسی ایشن کے مرکزی عہدیدار عاطف چوہدری کی ہے جو گذشتہ ڈیڑھ سال سے اینٹی کرپشن کے کئی مقدمات میں نامزد ہیں مگر ہمیشہ کی طرح علاج کے لئے بیچارے غریب مریض خوار ہو رہے ہیں ۔ جناح ہسپتال ، جنرل ، گنگا رام اور میو ہسپتال کی او پی ڈیزمیں بھی ڈاکٹرز نے کام بند کر رکھا ہے جس کا خمیازہ بھی غریب عوام کو بھگتنا پڑا ہے ۔ مریضوں کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرز کی ہڑتالیں معمول بن چکی ہیں , مسئلہ کوئی بھی ہو سزا مریضوں کو ہی کیوں دی جاتی ہے۔