تمام اداروں کو ایک ایک کرکے گرایا گیا:فواد چوہدری

22 فروری 2017 (13:49)

پی ٹی آئی کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان نے سب کچھ کرنا ہے تواداروں پراخراجات کیوں کررہے ہیں۔بدھ کو سپریم کورٹ میں پاناما لیکس کیس کی سماعت کے وقفے کے دوران پی ٹی آئی کے رہنما فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اٹارنی جنرل کے دلائل نوازشریف کے وکیل کی حیثیت سے تھے،بتایا گیا حدیبیہ پیپرملز کے اکاونٹس قرضے اتارنے کیلئے استعمال ہوئے،جج صاحب نے کہا ہم نے تو سنا تھا قطری نے سارے قرضے اتارے تھے۔فواد چوہدری نے کہا عمران خان نے سب کچھ کرنا ہے تو اداروں پراخراجات کیوں کررہے ہیں، پھرانوسٹی گیشن ونگ تحریک انصاف کو بنا لینے دیں، وہ کہتے ہیں عدالت کسی ایم این اے کوڈس کوالیفائی نہیں کرسکتی، وہ کہتے ہیں نااہلی کے لئے اسپیکرقومی اسمبلی کے پاس ریفرنس بھیجیں.انھوں نے کہا کہ اسپیکر نے ریفرنس کا کیا حال کیا تھا وہ سب نے دیکھا ہے، سرکاری اداروں میں انجمن غلامان موجود ہیں، سپریم کورٹ سے کہاجارہا ہے آپ فیصلہ نہیں کرسکتے، تمام اداروں کو ایک ایک کرکے گرایا گیا ہے اور ان اداروں پردانیال عزیز اوران کی ٹیم ناچ رہی ہے۔رہنما تحریک انصاف کا مزید کہنا تھا کہ الزامات ہم نے نہیں بین الاقوامی ادارے نے لگائے ہیں، حکومت کہتی ہے سب کورگڑ دیں وزیراعظم کو کچھ نہ کہیں.