غیر ملکی کھلاڑی لاہور آنے کوتیار دہشتگردوں کے ہاتھوں بلیک میل نہیں ہونگے:شہریار
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے کہا ہے کہ پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں ہوگا جو انتہائی خوش آئند بات ہے۔ جس کے لیے ہمیں رینجرز، پولیس اور سیکورٹی کے تمام اداروں کا تعاون حاصل ہے۔ قذافی سٹیڈیم میں پی ایس ایل کے فائنل میچ کی تیاریوں کے حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آئے روز ہونے والے دھماکوں سے ہمیں بلیک میل نہیں کیا جا سکتا ہے۔ سیکورٹی رسک ضرور ہے تمام ہمیں اپنے سیکورٹی اداروں کی صلاحیتوں پر پورا یقین ہے کہ وہ فائنل میچ کے لیے اچھے اقدامات کرینگے۔ شہریار خان کا کہنا تھا کہ یہ بہت بڑا قدم ہے کیونکہ زمبابوے کے دورہ کے بعد کوئی بڑی ٹیم پاکستان نہیں آئی ہے۔ پاکستان سپر لیگ کا فائنل لاہور میں ہو گیا تو دیگر تمام ممالک کو مثبت پیغام جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ لاہور میں فائنل میچ کے اعلان کے ساتھ ہی ٹکٹوں اور پاسز کی ڈیمانڈ میں اضافہ ہو گیا ہے جلد اس بات کا اعلان کر دیا جائے گا کہ فائنل میچ کے ٹکٹس کب اور کہاں سے خریدے جا سکتے ہیں۔ چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ نجم سیٹھی دبئی میں غیر ملکی کھلاڑیوں کے ساتھ بات کر رہے ہیں امید ہے کہ وہ انہیں پاکستان لانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ انٹرنیشنل کھلاڑیوں کو مکمل فول پروف سیکورٹی کی یقین دہانی کرائی جا رہی ہے۔ قذافی سٹیڈیم لاہور میں تزین و آرائش کا کام جلد مکمل کر لیا جائے گا اس سلسلہ میں جلد قذافی سٹیڈیم میں بننے والا نیا بلاک بھی مکمل کر لیا جائے گا جس میں میڈیا سمیت مختلف دفاتر موجود ہونگے۔