قذافی سٹیڈیم کے پولز پر بھی کیمرے نصب ، کنٹرول قربان لائن میں ہوگا

22 فروری 2017

لاہور (چودھری اشرف) پاکستان سپر لیگ کے فائنل میچ کی فول پروف سیکورٹی کے لیے لاہور سٹی پراجیکٹ کے 10 عدد کیمرے قذافی سٹیڈیم لاہور میں لگا دیئے گئے ہیں تمام کیمروں کا کنٹرول قربان لائن لاہور میں ہوگا جہاں سے نشتر سپورٹس کمپلیکس اور سٹیڈیم کے اطراف میں ہر قسم کی سرگرمیوں کو مانیٹر کیا جائے گا۔ لاہور سٹی سیف پراجیکٹ کے تحت پہلے ہی لاہور شہر میں تقریباً 8 ہزار سے زائد کیمرے نصب کیے جا رہے ہیں۔ قذافی سٹیڈیم کے آٹھ انکلوژر میں خفیہ کیمرے نصب کیے جا رہے ہیں جس کے ذریعے سٹیڈیم کے اندر میچز دیکھنے کے لیے آنے والے تمام افراد کی حرکات و سکنات کا جائزہ لیا جائے گا۔ قذافی سٹیڈیم میں بلندو بالا لگے لائٹس کے 2 پولز پر بھی کیمرے نصب کیے گئے ہیں جن کی مدد سے نشتر سپورٹس کمپلیکس اور اس کے اطراف میں ہر قسم کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جا سکے۔ پی سی بی کے اپنے سیکورٹی کیمرے پہلے سے موجود ہیں ۔ سپورٹس بورڈ پنجاب نے بھی سیکورٹی کے لیے مختلف حصوں میں کیمرے نصب کر رکھے ہیں جن کی مدد سے بھی سیکورٹی کو فول پروف بنایا جائے گا۔ سپورٹس بورڈ پنجاب کے تحت لگے کیمروں کا تمام کنٹرول نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں موجود ہے۔