اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں بھی سی ڈی اے ایمبولینس سروس 1122فراہم کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد(وقائع نگار) میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف سی ڈی اے کیئرز1122 کا دائرہ کار پورے اسلام آباد میں پھیلانے میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں اور ان کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں بھی سی ڈی اے ایمبولینس سروس کی سہولت فراہم کی جارہی ہیں تاکہ پورے شہر کے لوگ اس سہولت سے استفادہ کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد کے قیام کے بعد سہولیات کی عد م دستیابی کے باعث اسلام آباد کے دیہی اور شہری علاقوں میں پایا جانے والا فرق بتدریج ختم ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا سی ڈی اے 1122 کو مزید اپ گریڈ اور بہتر بنانے کے لیے مزید مشینری اور افرادی قوت مہیا کی جائے گی تاکہ شہریوں کو بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے ان خیالات کااظہار سی ڈی اے ہیڈ کوارٹرز میں منگل کے روز منعقد ہ جائزہ اجلاس میں کیا۔ اجلاس میں میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد(ایم سی آئی) اور سی ڈی اے کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔ اجلاس میں کےئرز 1122کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز کو بتایا گیا کہ سی ڈی اےکی سروس کےئرز 1122کو گذشتہ ہفتہ میں مختلف قسم کی96 ایمرجنسی کالز موصول ہوئیں۔ جس کے نتیجے میں فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ کر سی ڈی اے کیئرز کے عملے نے زخمیوں کو ابتدائی طبی امدا دکی فراہمی کے بعد قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ سی ڈی اے کیئرز 1122 پورے شہر میں عزم اورجذبے کے ساتھ شہریوں کی خدمت میں مصروف ِ عمل ہے ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ سی ڈی اے کیئرز1122 کسی بھی حادثے کی اطلاع پر بغیر وقت ضائع کیے شہریوں کی خدمت کے لیے پہنچتی ہے ۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ گذشتہ ہفتے کے دوران ایمرجنسی اور حادثات کے متعلق 96 کالز موصول ہوئیں جن پر فوری عمل کر تے ہوئے سی ڈی اے کیئرز 1122 کے عملے نے موقع پر پہنچ کر شہریوں کی مدد کی۔ میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز کو بتایا گیا کہ گذشتہ ہفتے کے دوران سب سے زیادہ سڑکوں پر ہونے والے حادثات سے متعلق کالز موصول ہوئیں جن کی تعداد 42 ہے ۔