محترمہ مریم جناح نہایت زیرک‘ تعلیم یافتہ اور بہادر خاتون تھیں: مقررین

22 فروری 2017

لاہور (خصوصی رپورٹر) قائداعظم کی اہلیہ محترمہ مریم جناح نہایت زیرک، تعلیم یافتہ اور بہادر خاتون تھیں۔مریم جناح قائداعظم کی زندگی میں خوشگوار جھونکے کی مانند داخل ہوئیں۔ ان کی وفات قائداعظم کیلئے ایک بڑا سانحہ تھی۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے ایوانِ کارکنان تحریک پاکستان میں محترمہ مریم جناح کی یاد میں خصوصی نشست سے خطاب کے دوران کیا۔ نشست کی صدارت بیگم ثریا خورشید نے کی ۔تلاوت کی سعادت حافظہ صبا شہزادی اورملائکہ جاوید نے بارگاہ رسالت مآبؐ میں ہدیہ نعت ؐ نے پیش کیا۔بیگم ثریا کے ایچ خورشید نے کہا کہ محترمہ مریم جناح نے بانیٔ پاکستان قائداعظم کی زندگی پر بہت مثبت اثرات مرتب کئے۔مریم جناح 20 فروری 1900 میں بمبئی کے ایک انتہائی متمول پارسی گھرانے میں پیدا ہوئیں۔ 18 اپریل 1918ء کو بمبئی کی جامع مسجد میں انہو ںنے اپنی مرضی سے اسلام قبول کیا اور اسلامی نام مریم رکھا گیا۔ اگلے روز ان کا نکاح محمد علی جناح سے ہوا۔ وہ 20 فروری 1929ء کو اپنی 29 ویں سالگرہ کے روز وفات پا گئیں۔ بیگم صفیہ اسحاق نے کہا کہ قائداعظم کی ذات سے وابستہ تمام افراد ہمارے لئے قابل احترام ہیں۔ مریم جناح کو کم عمری میں ہی گفتگو‘ تہذیب‘ تاریخ کا مطالعہ اور دیگر امور پر دسترس ہو چکی تھی۔ بیگم حامد رانا نے کہا کہ مریم جناح نے قائداعظم کی شخصیت سے متاثر ہوکر آپ سے شادی کی۔ نشست کے اختتام پر مسز شائستہ ظفر نے مرحومہ کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کروائی۔