اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزارت ہاوسنگ کے افسر زوہیر خالق کو سینئر مینجمنٹ کورس پر بھجوانے سے روک دیا

22 فروری 2017

اسلام آباد (اے پی پی) اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزارت ہاوسنگ اینڈ ورکس کو گریڈ 22 میں ترقی کے منتظر افسر کو سینئر مینجمنٹ کورس پر بھجوانے سے روک دیا ہے اور ڈائریکٹر جنرل پی ڈبلیو ڈی تعیناتی کی درخواست پر فریقین سے جواب طلب کر لیا ہے۔ زوہیر خالق کی جانب سے دائر درخواست کی سماعتگزشتہ روز عدالت عالیہ کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے کی۔ اس موقع پر سائل کی جانب سے انعام الرحیم ایڈووکیٹ پیش ہوئے اور موقف اپنایا کہ زوہیر خالق کو فروری 2015ءمیں سینئر مینجمنٹ کورس کے لئے منتخب کیا گیا تاہم وزارت نے ان کا نام سینئر موسٹ ہونے کی وجہ سے نکال دیا ۔ سائل نے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تو حکام نے ان کا نام سینئر مینجمنٹ کورس کے لئے منتخب کر لیا۔ انعام الرحیم ایڈووکیٹ نے کہا کہ مذکورہ کورس جولائی 2017ءمیں مکمل ہو گا اور اگست میں سائل ریٹائر ہو جائے گا لہٰذا اس کورس پر ساڑھے آٹھ لاکھ کے قریب اخراجات قومی خزانے پر بوجھ ہو گا۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ سائل کو سینئر مینجمنٹ کورس پر بھجوانے کی بجائے ریٹائرمنٹ تک انہیں ڈی جی پی ڈبلیو ڈی تعینات کرنے کا حکم دیا جائے۔ دلائل سننے کے بعد فاضل عدالت نے مذکورہ احکامات جاری کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔